تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارالاحرار

احرارکارکنوں کی ماورائے عدالت گرفتاریاں غیرآئینی ہیں:ختم نبوت رابطہ کمیٹی
لاہور (2؍ فروری) متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان نے تبلیغی جماعت پر مختلف پابندیوں، دینی اداروں اور دینی رہنماؤں کو ہراساں اور گرفتار کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقتدر حلقے اور ذمہ دار ادارے دہشتگردوں اور امن پسندوں میں فرق رکھیں اور ماورائے قانون اقدامات سے مکمل اجتناب کیا جائے۔قائداحرارسید عطاء المہیمن بخاری، مولانا زاہد الراشدی ،مولانا عبدالرؤف فاروقی ،سید محمد کفیل بخاری ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مرزا محمد ایوب بیگ، رانا محمد شفیق خان پسروری ،قاری محمد رفیق وجھوی اور کئی دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ جاتی اُمرا (رائیونڈ)میں تشریف فرما حکمران نیک اور بد کو خلط ملط کر رہے ہیں ۔اس سے امن قائم نہیں ہوگا، بلکہ بد امنی کو فروغ ملے گا، مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد اویس، قاری محمد یوسف احرار اور مولانا محمد مغیرہ نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت کی جماعتوں کے کام کرنے میں رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عابد مسعود ڈوگر کو چیچہ وطنی اور تحریک ختم نبوت کے کارکن مفتی سید صبیح الحسن ہمدانی کو مدرسہ معمورہ ، ملتان سے ماورائے قانون گرفتار کر لیا گیاہے اوریہ نہیں بتایا جا رہا کہ ان کا جرم کیا ہے اور اُن کو کہاں رکھا گیا ہے ؟ان رہنماؤں نے انسانی حقوق کی ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں سے کہا ہے کہ انہیں باوررہے کہ ختم نبوت کے رہنماؤں کی اندھی گرفتاریاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ذیل میں آتی ہیں اور دینی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی لا پتا لوگوں (مِسِنگ پرسنز) میں شامل کیا جائے ،کیونکہ یہ بھی انسان ہی ہیں۔
مسئلہ کشمیر قادیانیوں کا پیداکردہ ہے:قائداحرارسیدعطاء المہیمن بخاری
لاہور(6؍فروری) لاہور’’ یوم یکجہتی کشمیر ‘‘کے موقع پر گزشتہ روز مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام ملک بھر میں کشمیر یوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ، نماز جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں علماء کرام اور احرار رہنماؤں نے کہا کہ ’’ کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘کا نعرہ ان شاء اﷲ تعالیٰ تکمیل تک پہنچے گا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا ،قائد احرار سید عطاء المہیمن بخاری ، سید محمد کفیل بخاری ، عبداللطیف خالد چیمہ ، قاری محمد یوسف احرار ، مولانا محمد مغیرہ اور دیگر رہنماؤں نے مختلف مقامات پر اپنے اپنے بیانات میں کشمیر یوں کی جدوجہد کی تائید و حمایت کا اعلان کیا اور کہاکہ مسئلہ کشمیر کو بگاڑنے میں اسلام و وطن دشمن خصوصاً قادیانی لابی مختلف حربے استعمال کررہی ہے ،تقسیم ہندوستان کے وقت بھی قادیانیوں نے باؤنڈری کمیشن کو درخواست دی کہ گورداسپور کو پاکستان کی بجائے انڈیا میں رہنے دیا جائے ، اِسی بنا پر کشمیر کو جانے کا راستہ مسدود ہو گیا ،مجلس فروغ نظریۂ پاکستان نے بھی ’’ یوم یکجہتی کشمیر‘‘کے موقع پر کشمیر کا ز کی مکمل تائید کرتے ہوئے حکمرانوں پر زوردیا ہے کہ وہ بھارتی مکاریوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔
نفاذ شریعت ،تحفظ ختم نبوت کی جدوجہد ہمارا آئینی حق ہے:قائداحرار
(لاہور،7فروری)مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی امیر سیدعطاء المہیمن بخاری نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں اتحادِ امت کی داعی اور انسانوں میں جوڑ پیدا کرنے والی تبلیغی جماعت پر مختلف پابندیاں ظلم اور زیادتی ہے اﷲ والوں کی دعاؤں سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔ یہ پابندیاں توخود دہشت گردی کی ذیل میں آتی ہیں ۔وہ گزشتہ روز دفترمرکزیہ احرارنیو مسلم ٹاؤن لاہور میں ماہانہ درس قرآن کریم کی نشست سے خطاب کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے احکامات ماننے اور جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی فرمانبرداری میں خیر ہے باقی سارے کا سارا شر ہی ہے اورہم خیر کی دعوت کے ذریعے امن قائم کرسکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ظلم اور خوف و ہراس پھیلانے،خیراورشر میں فرق نہ رکھنے سے تباہی آئے گی ،انہوں نے کہا کہ نفاذ شریعت اور تحفظ ختم نبوت کی پر امن جدوجہد ہمارا آئینی حق ہے اور یہ جدو جہد ہر حال میں جاری رکھی جائے گی۔
مارچ میں ملک بھر میں شہداء ختم نبوت کانفرنسیں منعقدکرنے کا اعلان
مرکزی سالانہ شہداءِ ختم نبوت کانفرنس 6مارچ کو لاہورمیں ہوگی
(لاہور،7فروری) مجلس احراراسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنماؤں کا غیر رسمی اجلاس قائداحرارسید عطاء المہیمن بخاری کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں احرارکے جنرل سیکرٹری حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے اجلاس کو مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور تحریک ختم نبوت کے تازہ حالات کے بارے میں بریفنگ دی ،اجلاس میں ملک محمد یوسف،میاں محمد اویس،قاری محمد یوسف احرار،مولانا تنویرالحسن نقوی،قاری محمدقاسم اوردیگر رہنماؤں نے شرکت کی،میاں محمد اویس نے بتایا کہ 6مارچ کو دفترمرکزیہ لاہور اور 27مارچ کو جامع مسجدختم نبوت، چندرائے روڈ لاہور میں سالانہ تحفظ ختم نبوت کانفرنسیں منعقد ہوں گی۔جبکہ مارچ1953ء کے دس ہزار شہداء اور تحریک ختم نبوت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مارچ میں ملک بھر میں سیمینارز کے علاوہ ختم نبوت کورسزکا بھی انعقاد کیا جائیگا ،اجلا س میں ایک قراردادکے ذریعے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید اضطراب کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ضروری ہے کہ ماورائے قانون وعدالت اقدامات سے گریز کیا جائے اوردہشت گردی اور بدامنی کے اصل محرکات وعوامل کو ختم کیا جائے۔
عبداللطیف چیمہ انسداددہشت گردی کی عدالت سے بری ہوگئے
ملک وبیرون ملک سے مبارک باد کے پیغامات اوروفود کی آمد
(لاہور،18فروری)تحریک ختم نبوت کے ممتازرہنما رہنمااور مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر1ملتان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جناب محمد اکرم نے9-ATAکے مقدمہ میں باعزت طور پر بری کردیا ہے ،عبداللطیف خالد چیمہ کی طرف سے ممتاز قانون دان محمود احمدخان غوری ایڈووکیٹ نے پیروی کی ۔ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 8؍مئی 2015ء کو مرکزی مسجد عثمانیہ چیچہ وطنی میں قابل اعتراض تقریر کی تھی۔ جس کو استغاثہ عدالت میں ثابت کرنے میں ناکام رہا ،عبداللطیف خالد چیمہ عدالت سے بری ہونے کے بعد مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی دفتر داربنی ہاشم ملتان پہنچے تو اُن کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا ،مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ قائداحرارحضرت پیرجی سید عطاء المہیمن بخاری مدظلہ اور نائب امیرحافظ سید محمد کفیل بخاری نے کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ عدالتیں آزاد ہیں ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام پاکستان فرقہ واریت اور نفرت انگیز کارروائیوں پر یقین نہیں رکھتی،انہوں نے کہا کہ حاجی عبداللطیف خالد چیمہ کی عدالت سے بریت یہ ثابت کرتی ہے کہ مجلس احراراسلام پُرامن اور آئینی سرگرمیوں پر یقین رکھتی ہے۔
مولانا محمد صدیق ؒکی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی:احراررہنما
(ملتان ،18فروری) مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری، نائب امیر سید محمد کفیل بخاری اور سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے جامعہ خیر المدارس کے شیخ الحدیث مولانا محمد صدیق رحمہ اﷲ کے انتقال پر تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مولانا محمد صدیقؒ عالم باعمل، تقویٰ اور اتباعِ سنت کی عظیم الشان مثال تھے۔وہ استاذ العلماء حضرت مولانا خیر محمد جالندھریؒ کے مایہ ناز شاگرد اور اُن کے علوم و معارف کے امین تھے۔ مولانا مرحوم، جانشینِ امیر شریعت حضرت مولانا سید ابوذر بخاری رحمہ اﷲ کے ہم سبق و ہم درس تھے۔ دونوں بزرگ خیر المدارس جالندھر او رپھر ملتان میں ایک ساتھ پڑھتے رہے۔ مولانا محمد صدیق نے کم و بیش ساٹھ سال تفسیر و حدیث کا در س دیا۔ سیکڑوں علماء نے اُن سے حدیث پڑھی اور ہزاروں مسلمانوں نے اُن کے مواعظ و بیانات سے استفادہ کیا۔ مولانا کی دینی و علمی اور تدریسی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ملک بھر کے دینی حلقے ایک مشفق استاد، ایک مربیّ و شیخ اور پیکر علم و عمل ہستی سے محروم ہو گئے۔ اﷲ تعالیٰ اُن کے درجات بلند فرمائے۔
معاشی بربادی کا حل سُود ی نظام سے نجات میں ہے:مولانا مغیرہ
(چناب نگر،18فروری)سیکولر انتہا پسندی اور سیاسی انتہا پسندی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے اور سودی معیشت نے ملک کی معیشت کو عالمی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مجلس احراراسلام پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد مغیرہ نے کہا ہے کہ اس ابتر صورت حال کا واحد حل یہ ہے کہ حکمران ملک کو اس کے قیام کے مقصد سے ہم آہنگ کردیں اوراستحصال سے پاک الہٰامی قانون یعنی’’اسلامی نظام‘‘کے نفاذ کا اعلان کردیا جائے ،انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہماری بقاء کا کوئی راستہ باقی نہیں ہے اور اگر ہم اﷲ کی دھرتی پراﷲ کا قانون نافذ کردیں تو دنیا کی امامت مسلمانوں کے ہاتھ میں آسکتی ہے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ استحصالی نظام بانی پاکستان محمد علی جناحؒ کے وژن کی نفی ہے ،انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کے فرمودات کی روشنی میں ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام دینی وسیاسی جماعتوں کو اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے یک نکاتی ایجنڈے پر اکھٹے ہوجانا چاہئے ،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور اسلام آپس میں متصادم ہیں اسلام اور مسلمان دہشت گردی کے ازلی دشمن ہیں کیونکہ اﷲ اور اﷲ کے نبی ؐ نے احترام انسانیت سکھائی ہے اور یہی ہماری پالیسی ہے۔
احرار کے چناب نگر میں فاتحانہ داخلہ نے قادیانیت کی کمر توڑ دی: احرار رہنما
قادیان کی طرح ربوہ میں احرارکی خدمات تاریخِ ختم نبوت کا حصہ ہیں
(چناب نگر28فروری)آج سے 40سال قبل (27؍ فروری 1976،) ربوہ میں مسلمانوں کے پہلے فاتحانہ داخلے کی مناسبت سے 27؍ فروری 2016 کو ربوہ(حالیہ چناب نگر)میں مجلس احراراسلام اور تحریک تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام ’’یوم فتح ربوہ‘‘منایا گیا۔اس موقع پر مولانا محمد مغیرہ ، مولانامحمودالحسن اور قاری شبیر احمد عثمانی نے چناب نگر میں مختلف مقامات پر خطابات کئے۔مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری ،نائب امیر پروفیسر خالد شبیر احمد،سید محمدکفیل بخاری اور عبداللطیف خالد چیمہ نے’’یوم فتح ربوہ‘‘کے حوالے سے اپنے بیان اور پیغام میں کہا ہے کہ آج سے 40سال قبل جب ربوہ میں کوئی مسلمان داخل نہیں ہو سکتا تھا۔ تب حضرت امیرشریعت سید عطاء اﷲ شاہ بخاریؒ کے قابلِ فخرفرزندوں اور ان کی جماعت مجلس احراراسلام نے تمام حکومتی رکاوٹیں توڑ کر اور مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرکے ربوہ میں تاریخ کی پہلی نماز جمعہ اداکی ،تب سے اب تک یہ قافلۂ سخت جاں قادیان 1934(ہندوستان)کی طرح یہاں بھی (ربوہ)میں ختم نبوت کا پرچم لہرا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام یہاں بدامنی کیلئے نہیں بلکہ فتنہ ارتداد مرزائیہ کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے داخل ہوئی تھی اور ہم آج کے دن اپنے عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے دنیا میں قادیانیوں کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی پر امن جدو جہد ہمارا دینی اور آئینی حق ہے اس وقت قادیانی جماعت ریاست کے باغی کا کردار ادا کررہی ہے اور آئین کو تسلیم نہ کر کے ملک میں بغاوت پر مبنی رویے کی مظہر ہے جس کی وجہ سے آئے دن ملک بھر میں اور خصو صا ً چناب نگر میں کو ئی نہ کو ئی مسئلہ کھڑا ہو جا تا ہے۔ اس لئے قا نون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قا دیانیوں کو آئین کا پابند بنائیں اور ان کی آئین شکن کا رروائیوں و سر گرمیوں کے سد باب کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے ماڈل اسکولز میں آنجہانی قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کی تصویر مسلم سائنسدان کے طور پر آویزاں کی گئی ہے۔ جس سے مذہبی حلقوں میں تشویش پیدا ہو ئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ1974 کی قرادادِ اقلیت کی روشنی میں ڈاکٹر عبداسلام کو مسلم سائنسدان کے طور پر متعاورف کرا نا آئین کی رُو سے خلافِ قا نون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبد السلام نے 1974کی پارلیمنٹ میں متفقہ فیصلے کے بعد یہ کہا تھا کہ میں ایسے لعنتی ملک میں رہنا پسند نہیں کر تا، جس میں قادیانیوں کو اقلیت قرار دیا گیا ہو ،انہوں نے کہا کہ یہ وہی ڈاکٹر عبدالسلام ہے جس نے 1984میں پاکستان کے ایٹمی راز امریکہ کو دیئے تھے اور یہ بات سابق بیورو کریٹ زاہد ملک نے اپنی کتاب ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور اسلامی بم میں ذکر کی ہے۔ علاوہ ازیں مجلس احراراسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ مارچ 1953ء کی تحریک ختم نبوت کے دس ہزار شہداء کی یاد میں ملک بھر میں ’’شہداء ختم نبوت کانفرنسوں‘‘کا سلسلہ شروع ہورہا ہے ،انہوں نے بتایا کہ مارچ اور اپریل میں ملک بھر میں شہداء ختم نبوت کانفرنسیں ہوں گی،انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں قادیانی ریشہ دوانیاں حد سے بڑھتی جارہی ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی توپوں کا رخ مدارس اور دینی جماعتوں کی بجائے حقیقی دہشت گردوں کی طرف کرنا چاہئے ۔
توہین رسالت ایکٹ پر عمل درآمد نہیں کروایا جارہا ۔ ختم نبوت کانفرنس
لاہور(6؍ مارچ )تحریک ختم نبوت 1953ء کے دس ہزار شہداء کی یاد میں سالانہ’’احرارختم نبوت کانفرنس‘‘کے مقررین نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو لادین اور سیکولر سٹیٹ بنانے کی مذموم کوششیں آخر کار دم توڑ جائیں گی اور اسلام ووطن دشمن عناصرناکام ونامراد ہوں گے ،ہم شہداء53ء کے وارث ہیں اور وراثت کو آگے منتقل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری کی صدارت میں مجلس احراراسلام پاکستان کے مرکزی دفتر نیومسلم ٹاؤن لاہور میں منعقدہ کانفرنس سے مولانازاہدالراشدی،مولانا محمد الیاس چنیوٹی(ایم پی اے)،سید محمد کفیل بخاری،عبداللطیف خالد چیمہ،مولانا محب النبی،حافظ نصیر احمد احرار،مولاناتنویرالحسن نقوی،مولانامحمد سلیم ندیم،شیخ محمد نعیم بادشاہ،مولانافداء الرحمن،قاری عمادالرحمن،قاری محمد اسلم،پیرسید ولی اﷲ شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔قائد احرارسید عطاء المہیمن بخاری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ حکومت توہین رسالت ایکٹ پر عمل درآمد نہیں کروا رہی جو قیام ملک کے مقصد سے انحراف بلکہ غداری ہے انہوں نے کہا کہ 1953ء کے شہداءِ ختم نبوت کی لازوال قربانیوں اور اکابر احرارکی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان قادیانی ریاست بننے سے بچ گیا ،اب پھر قادیانی ریشہ دوانیاں عروج پر ہیں اور پالیسی ساز اداروں میں قادیانی دھڑادھڑ بھرتی کئے جارہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم عقیدہ ختم نبوت اور تحفظ نامو س رسالتؐکے پیج پر نظر آئے،انہوں نے کہا کہ روشن خیالی کے نام پر حقوق نسواں کا بل بے حیائی اور حرام کاری کو رواج دینے کے لئے بنا یاگیا،خاندانی نظام کو تباہ کیا جارہا ہے اور ماں ،بہن،بیٹی کے مقدس رشتے کو بازاری سطح پر لایا جارہا ہے ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام اتحاد امت کی داعی ہے اور ختم نبوت کے محاذ کی دیرینہ خادم جماعت ہے،مولانا زاہدالراشدی نے کہا کہ غازی ممتاز قادری کو پھانسی دیئے جانے کا خیر مقدم سب سے پہلے امریکہ نے کیا اور امریکی وزیر خارجہ نے اس پر اطمینان کا اظہار کیا ،انہوں نے کہا کہ اچھی بات تو یہ ہے کہ ہمارے حکمران’’مارکوس‘‘اور ’’شاہ ایران‘‘بننے کا شوق ترک کردیں تویہ خود ان کے لئے اچھاہے یا پھرمارکوس اور شاہ ایران کے انجام بد کوازسر نو پڑھ لیں ،انہوں نے کہا کہ ہم بے غیرت نہیں باغیرت ہیں اسی لئے غیرت وحمیت کا مظاہرہ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آئین سے اسلامی دفعات نکالنے اور قانون توہین رسالت کو ختم کرنے کا ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہونے دیا جائیگا،مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کہا کہ قادیانی لابی ملک کی سلامتی کے لئے خطرات کو جنم دے رہی ہے ،امتناع قادیانیت ایکٹ اور تحٖفظ ختم نبوت جیسے قوانین پر ہر گز عمل درآمد نہیں ہو رہا اور چناب نگر میں قادیانیوں نے علاقے کے غریب مسلمانوں کا جینا دوبھر کررکھا ہے انہوں نے کہا کہ سید عطاء اﷲ شاہ بخاری کی جماعت مجلس احراراسلام کا تحفظ ختم نبوت کے لئے کردار ہماری تاریخ کا جھومر ہے ،انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حریت پسند جماعت مجلس احراراسلام کے قدیم کردار کو زندہ کیا جائے اور تمام مکاتب فکر ممتاز قادری جیسے جذبے سے سرشار ہوجائیں ،عبداللطیف خالد چیمہ نے کہا کہ غازی ممتاز قادری ،غازی علم الدین شہید کی طرح امر ہوگئے ہیں ان کے مقدس خون کے صدقے پوری دنیا میں عشقِ رسالت صلی اﷲ علیہ وسلم کا سچا جذبہ پروان چڑھے گاانہوں نے کہا کہ جسٹس میاں نذیراختر اور دیگر وکلاء جنہوں نے نامساعد حالات میں ممتاز قادری کے مقدمے کی پیروی کی ہم ان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ چند اخبارت کو چھوڑ کر پرنٹ اورالیکٹرونک میڈیانے شہیدِناموسِ رسالتؐممتاز قادری کے جنازے کو کوریج نہ دے کر توہین رسالت کے مرتکبین کی حوصلہ افزائی کی ہے یہ شرمناک امر ہے کہ آزادی صحافت کے اس دور میں جب کہ میڈیا آزاد ہونے کا دعویٰ رکھتا ہے اور ناموس رسالتؐکے مسئلہ پر حکومتی دباؤ میں آکر جانبداری کا مظاہرہ کرتا ہے ،انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اس ایشو پر دیانتداری کے ساتھ قوم کے جذبات کی ترجمانی کرنی چاہئے اور کفر نوازی ترک کر دینی چاہئے،سید محمد کفیل بخاری نے کہا کہ ہمیں دشمن کی چالو ں کو پہچان کر اپنی پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں،انہوں نے کہا کہ ہم امن کے داعی ہیں ہماری تاریخ شاہد ہے کہ ہم نے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا جبکہ1953ء کی تحریک کو اس وقت کے مسلم لیگی حاجی،نمازی حکمرانوں نے تشدد سے کچلا اور مال روڈ کو لہولہان کردیا گیا ،انہوں نے کہا 1953ء کے دس ہزار شہداء ختم نبوت کا خون مسلم لیگ کے سر ہے مسلم لیگ قائداعظم کے نظریات وتصورات سے غداری کررہی ہے اور نوجوان نسل کو آوارہ اور بے حیابنایا جارہاہے ۔مولانا زاہد اقبال نے کہا کہ امت کے تمام مسائل کا حل مکمل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے ،جس اﷲ نے کائنات کو وجود بخشااسی کا نظام چلے گا تو دنیا امن کا گہوارہ بن جائے گی ،انہوں نے کہا کہ مجلس احراراسلام کے اکابر نے تحریک ناموس رسالت اورتحریک تحفظ ختم نبوت کو جلا بخشی ہے اور اکابر احرارنے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرکے فتنہ انکارختم نبوت کا تعاقب اور سدباب کیا ہے ہمیں اکابر کے اسوہ کی روشنی میں اپنی جدوجہد کو استوار کرنا ہوگا۔
کانفرنس میں متعدد قراردادیں بھی منظور کی گئیں جن میں کہا گیا کہ حقوق نسواں بل قرآن وسنت اور مسلم معاشرے کی روایات سے مطابقت نہیں رکھتا لہذا اسے فوری طور پر واپس لیا جائے ایک قرارداد کے ذریعے مولانا فضل الرحمن کی میزبانی میں اسلام آباد میں ’’کل جماعتی کانفرنس‘‘کے مطالبات کی تائیدوحمایت کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ ممتاز قادری کی سزائے موت عدالتی قتل ہے اور مجلس احراراسلام اور تحریک ختم نبوت اس مسئلہ پر وہی کردار ادا کرے گی جس کا اظہار مختلف مکاتب فکر کررہے ہیں ایک قرادادپر اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ اسلام آباد کے ماڈل سکولز میں قادیانی آنجہانی ڈاکٹر عبدالسلام کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جن میں اس کو پہلا مسلم پاکستانی سائنسدان ظاہر کیا گیا ہے قراداد میں کہا گیا ہے کہ قادیانی ڈاکٹر عبدالسلام کو مسلمان ظاہر کرنا آئین اور قانون کی روسے غلط بھی ہے اور مسلمانوں کے عقیدے کے برعکس بھی،ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مرتد کی شرعی سزا نافذ کی جائے اور قادیانی جماعت کو خلاف قانون قراردیا جائے۔
قبل ازیں تما م مکاتب فکر کے مشترکہ پلیٹ فارم ’’متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان‘‘کی دعوت پر ایک مشترکہ مشاورتی اجلاس پاکستان شریعت کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا زاہد الراشدی کی زیرصدارت منعقد ہواجس میں جمعیت علماء پاکستان کے صدرپیراعجاز احمد ہاشمی ،مجلس احراراسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید عطاء المہیمن بخاری،جماعت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ حافظ عبدالغفارروپڑی،جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے صدر مولانا محمدالیاس چنیوٹی،تنظیم اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مرزا محمد ایوب بیگ،سید محمد کفیل بخاری ،قاری محمد یوسف احراراور کئی دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک ناموس رسالت کو ازسرنومنظم کیا جائے گااور ممتاز قادری کے مقدس خون کو کسی طرح بھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگااجلاس کے اختتام پرمتحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے کنونیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ تمام مکاتب فکر کے اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ممتاز قادری کے مقدس خون سے پیدا ہونے والی اس تحریک کو آگے بڑھایا جائیگا اور ایسا ہو نہیں سکتا کہ یہ خون رائیگاں جائے انہوں نے کہا کہ آسیہ مسیح سمیت 16گستاخانِ ِ رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کو بچانے کے لئے حکمران بے تاب ہیں جبکہ عاشقان رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم کو ستایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اب ہم دیکھیں گے کہ جن مجرموں کو عدالتیں سزائیں سناچکی ہیں ان کی سزاؤں پر عمل درآمد ہوتا ہے کہ نہیں؟انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تحفظ ناموس رسالت اور تحفظ ختم نبوت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور دینی غیرت اور قومی حمیت کا سودا کرنے والے حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے گی ،انہوں نے ممتاز قادری کے مقدمے کی پیروی کرنے والے جسٹس(ر)میاں نذیر اختر اور ان کی ٹیم کومبارکباد پیش کی جبکہ اس موقع پر جسٹس (ر)میاں نذیر اخترنے کہا کہ میرے قانونی دلائل سے بہت سی چیزیں حذف کردی گئیں جو عدالتی بددیانتی ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم نے اس کیس کی پیروی اُخروی زندگی کے لئے کی ہے ،ممتاز قادری تو جناب نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی محبت کے نشے میں جنت میں جا پہنچے ہیں ہم بھی ان کے پیچھے پیچھے جارہے ہیں یہ رتبۂ بلندملا جس کومل گیا ،انہوں نے کہا کہ غازی ممتاز قادری تو امر ہوگئے ہیں اور شہیدانِ ناموس رسالت میں شامل ہو کر عالم کفر کے دلوں میں کھٹکتے رہیں گے ،انہوں نے کہا کہ جب تک میری جان میں جان ہے میں ناموس رسالت کے لئے کام کرتا رہوں گا دنیا کی کوئی طاقت اور لالچ مجھے اس سے الگ نہیں کرسکتا،انہوں نے کہا کہ میں جب ناموس رسالت کے کیس کی پیروی کے لئے گھر سے نکلتا ہوں تو میری بیماری دور ہوجاتی ہے،انہوں نے شکوہ کیا کہ میڈیا نے ممتاز قادری کی شہادت اور جنازے کی کوریج نہ کرکے بددیانتی،ذہنی پستی اور ملک دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ قادیانی لابی ہماری اصل دشمن ہے اور قادیانیوں کوماورائے آئین وقانون مراعات حاصل ہیں قادیانی کا حامی کبھی پاکستان کا وفادار نہیں ہو سکتا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.