تازہ ترین خبریں
آپ کو مجلس احرار کیسی لگی؟

اخبارختم نبوت

سیالکوٹ:95 ویں ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد
(سیالکوٹ)ختم نبوت یوتھ فورس پاکستان کے زیر اِنتظام ماہانہ 95 ویں ختم نبوت کانفرنس کا اہتمام یکم مارچ 2016 بروز منگل بعد از نمازِ عِشاء ، برف خانہ میں کیا گیا، جس سے امیر اِنٹرنیشنل ختمِ نبوت موومنٹ پاکستان، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مولانا محمد اِلیاس چنیوٹی نے خطاب کیااور لوگوں کو قادیانیت کی حقیقت سے آگاہ کیا۔(احرارنیوز)

 

ختم نبوت چوک کا نوٹیفیکیشن جاری
مردان (بیورورپورٹ)قائمقام ضلعی ناظم حاجی اسد علی کشمیری نے اپنی خصوصی اختیارات کے تحت پاکستان چوک کا نام تبدیل کر کے ختم نبوت چوک کے نام سے منسوب کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس امر کا اعلان انہوں نے عوام کے دیرینہ مطالبات کے تحت کیا ہے اور انہوں نے حکام کو ان احکامات پرجلد از جلد عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔(روزنامہ ’’پاکستان‘‘،کراچی،یکم مارچ 2016ء)

 

ممتازقادری شہیدؒکا کردارتاریخ میں امرہوگیاہے:قاری منظور
(چیچہ وطنی،3مارچ)انٹر نیشنل ختم نبوت موومنٹ کے رہنما اور صوبائی امن کمیٹی کے رکن قاری منظور احمد طاہر عمرہ کی سعادت حاصل کرکے ساہیوال پہنچ گئے ،واپسی پر چیچہ وطنی میں مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے ان کا خیر مقدم کیا اور مبارکباد دی ،قاری منظور احمد طاہر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غازی ممتاز قادری ،شہید ناموس رسالت ہیں ان کی شہادت سے شہیدانِ ناموس رسالت میں اضافہ ہوا ہے اور جب بھی کوئی گُستاخ سر اُٹھائے گا تو غازی علم الدین شہید کی طرح غازی ممتاز قادری کا کردار زندہ وتابندہ ہو گا ۔

 

مہدویت اور رسالت کا دعویدارتائب ہوگیا
بھونگیر۔انڈیا (پ ر) بھونگیر کے قرب و جوار میں دو سال سے مقیم شخص مہدُوداحمدخان نے خاموشی کیساتھ دو ایکڑ اراضی پر کچھ تعمیرات کرائیں ، ساتھ ہی کچھ دن قبل اس نے ایک عمارت اپنی عبادت گاہ کے طور پر بنائی، جسے وہ مسجد آیت الہٰی کہا کرتا تھا اور اسی مقام پر اُس نے صفا اور مروہ کے عنوان سے دو مقام بنائے، قریب میں موجود ایک پہاڑ پر موجود کالے پتھروں کواُس نے حجراسود قرار دیااور مور پربندے کو دابۃ الارض کہتے ہوئے اپنی نبوت کی نشانی قرار دیا۔ اس طریقے سے وہ معصوم مسلمانوں کے دین و ایمان سے کھلواڑ کر رہا تھا اور اپنی ویڈیوز اور ڈی وی ڈیز بنا کر سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر پھیلانے کے علاوہ بھونگیر اور آلیر اور اس کے قرب و جوار میں موجود مواضعات میں مسلمانوں کے مکانات اور دوکانوں میں اس کے کارندے سی ڈیزتقسیم کر تے تھے۔ بعض مساجد میں بھی ان لوگوں نے اپنی سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز تقسیم کیں، آٹھ سو سے زیادہ سی ڈیز اور ڈی وی ڈیز سوشل میڈیا اور یو ٹیوب پر اپلوڈ کی گئیں۔ مفتی محمود زبیر قاسمی سیکرٹری جمعیت علما تلنگانہ و آندھرا پردیش جو بھونگیر میں تھے، اُن کو خبر ملی تو انہوں نے چند احباب کیساتھ اس کی قیام گاہ کا رخ کیا۔ وہاں پہنچنے پر اس کے کچھ چیلے چمچے ظاہر ہوئے ۔ان سے اس مدعیٔ نبوت کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ وہ ابھی باہر ہے لیکن جب تلاش کیا گیا تو وہ ایک کمرے میں بیٹھا ہوا تھا، اس نے جیسے ہی دیکھا کہ وہ لوگوں کے سامنے آچکا ہے تو باہرآگیا اور اونچی آوازمیں باتیں کرنے لگا،بات چیت کے بعد آخر کار اس نے مفتی محمود زبیر قاسمی کے ہاتھ پر بھونگیر کی عوام کے سامنے توبہ کی اور اس نے اقرارکیاکہ وہ پاگل پن کا شکار ہے اور اس کا علاج چل رہا ہے جس کی وجہ سے وہ یہ حرکتیں کررہاہے، اس نے پولیس اور کچھ دیر میں پہنچنے والے سینکڑوں نوجوانوں کے سامنے اقرار کیا کہ وہ جھوٹا ہے اور مہدویت ، مسیحیت کا جو دعوی کیا ہے یہ سب غلط ہے اور اس نے یہ بھی اقرار کیا کہ آئندہ وہ جو بھی اس طرح کے دعویٰ کریگا وہ سب جھوٹ ہو گا۔ اس کا اقرار وڈیو کی شکل میں بھی انٹرنیٹ پرموجود ہے۔ اسکے چیلوں اور چمچوں کو جمع کرکے اُن سے بھی اقرار لیا گیا کہ یہ آدمی اگر مسیحیت یا نبوت کا دعویٰ کرتا ہے تو یہ کافر ہے اور جو اُس پر ایمان لائیں گے ،وہ بھی کافر قرار دئیے جائیں گے۔ اس نے وہاں پر جو عبادت خانہ بنایا تھااور جسے وہ آیتِ الہٰی کی مسجد کہا کرتا تھا ،اُسے اُسی کے ہاتھوں مسمار کرایا گیا۔ اس موقع پر سید حافظ ارشد، عبدالرحیم ایڈووکیٹ، ساجد اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی یہ مرحلہ تقریبا تین گھنٹے تک جاری رہا۔ (روزنامہ’’سیاست ‘‘،انڈیا۔4مارچ2016ء)

 

عقیدہ ختم نبوت دنیا بھرکے مسلمانوں کامتفقہ عقیدہ ہے
چنیوٹ (4مارچ۔ اکرم ساگر چودھری )امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع چنیوٹ کے زیر اہتمام مبارک مسجد چنیوٹ میں ممتاز حسین قادری کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔ اس موقع پر حاجی عبدالغفور رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت دنیا کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کا عقیدہ ہے اور دنیا کے 56ملکوں میں عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان میں بھی عقیدہ ختم نبوت کاتحفظ ہر مسلمان اپنا فرض سمجھتا ہے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے ہر قسم کے اقدامات عمل میں لائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی حالت ٹھیک نہیں لیکن اس کے باوجود حکومت نے قادیانی جماعت احمدیہ سے انکم ٹیکس وصول نہیں کررہی۔
http://www.sunstreetjournal.com/

 

 

دانشور اپنا قلم ناموس رسالت کیلئے وقف کردیں:راغب نعیمی
لاہور(5مارچ۔اسلام ٹائمز)بزم نعیمیہ کے زیراہتمام جامعہ نعیمیہ لاہور میں ممتاز قادری کی یاد میں تعزیتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف دینی سکالر و ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کہا ہے کہ توہین انبیاء کسی صورت برداشت نہیں، ناموس رسالت ایمان کا حصہ ہے، علماء کرام، مسلم سکالرز اور دانشور اپنا علم اور قلم ناموس رسالت کیلئے وقف کردیں، وہ اپنی خداداد صلاحیتیں نبی کریم کے ناموس کے تحفظ کیلئے بروئے کار لائیں، 16 سزایافتہ گستاخان رسول کو تختہ دار پر فی الفور لٹکایا جائے جس طرح غازی ممتاز حسین قادری کو عجلت میں پھانسی دی گئی ہے، ان 16مجرمان کو ایسے ہی پھانسی دی جائے۔تعزیتی ریفرنس کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی۔ راغب نعیمی نے مزید کہا کہ اسلام امن وسلامتی کا مذہب ہے، ہر نبی اور آسمانی کتاب کا احترام اہل اسلام پر فرض ہے، توہین رسالت اتنا سنگین جرم ہے کہ ایسے مجرم کو حرم میں بھی پناہ نہیں مل سکتی، عدلیہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ گستاخان رسول کا بروقت نوٹس لے۔ اس موقع پر ممتاز قادری کے درجات کی بلندی اور ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی بھی کی گئی۔
http://islamtimes.org/

 

تحفظِ ختم نبوت وارثین انبیاء کا اوّلین فریضہ ہے : مولانا شاہ عالم
(گجرات،انڈیا۔05مارچ)دارالعلوم سعادتِ دارین ستپون ضلع بھروچ گجرات کے شعبہ تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام منعقدہونے والا سہ روزہ تحفظ ختم نبوت تربیتی کیمپ آج بعد نماز جمعہ بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوگیا۔ جس کی کل آٹھ نشستیں منعقد ہوئیں۔افتتاحی نشست میں تربیتی کیمپ کے مفتی امتیاز احمد ولنوی نے خطبہ استقبالیہ پیش فرمایا۔ تربتی کیمپ کی پانچ نشستوں میں مولانا شاہ عالم گورکھپوری نائب ناظم کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند کے تفصیلی خطابات ہوئے۔جبکہ ایک نشست میں مولانا حافظ اقبال احمد ملی ناظم احیاء السنۃ اسلامک سینٹر مالیگاؤں نے اہل حق کے پیمانہ ’’ ماانا علیہ واصحابی ‘‘کو بذریعہ نقشہ سمجھایا اور اہل السنت والجماعت کے تعارف اور تقلید کی شرعی حیثیت پر گفتگوکی ۔دو نشستوں میں دورانِ بیان پیش کئے گئے حوالوں کومولانا محمد شاہد انور قاسمی بانکوی،ماسٹر محمد احمد ایم اے گورکھپوری رفقاءِ مرکز التراث الاسلامی دیوبند، مولاناسید محمدغانم قاسمی کٹکی مبلغ مجلس تحفظ ختم نبوت دہلی ،مولانا محمد عارف قاسمی ، مولانا عبدالمومن قاسمی متعلم شعبہ تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند نے مشترکہ طور پر شرکاء کیمپ کو کمپیوٹر اور پروجیکٹر کی مدد سے دکھایا اورعبارتیں نوٹ کرائیں۔اختتامی نشست میں شرکاء کیمپ نے اپنے قلبی احساسات وتاثرات بشکل تحریر پیش کئے ،بعد ازاں تمام شرکاء کو گراں قدر قیمتی انعامات اور سند شرکت سے نوازا گیا۔اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے کہاکہ یہ دور فتنوں اور آزمائشوں کا دور ہے۔ تمام فتنوں کا سدباب اور ان سے امت کی حفاظت وارثین انبیاء علماء کرام کی اولین ذمہ داری ہے ، یہ ایمانی فریضہ اور حالات کا تقاضہ بھی ہے ۔ مولانا نے شرکاسے کہا کہ آپ یہاں سے ایک عزم وحوصلہ لے کرجائیں اور زندگی کی آخری سانس تک تحفظ ختم نبوت کی خدمت سے وابستہ رہ کر عقیدہ ختم نبوت کے پیغام کو عام کریں اور تحریک تحفظ ختم نبوت کو مستحکم بنائیں۔ سہ روزہ کیمپ میں پورے صوبہ گجرات کے ۶۰ مدارس کے علمائے کرام اوردروۂ حدیث و موقوف علیہ کے منتخب طلبانے شرکت کرکے استفادہ کیا ۔
http://baseeratonline.com/14665#.Vtq0hbLpwK0.facebook

 

اسلامی عقائداورمشرقی کلچر سے انحراف بیرونی ایجنڈہ ہے:مفتی حمیداﷲ جان
(چیچہ وطنی ،5مارچ)جامعتہ الحمید لاہور کے شیخ الحدیث مولانا مفتی حمید اﷲ جان نے کہاہے کہ حقوق نسواں بل کے نام پر شریعت اور آئین سے متصادم اقدامات اور رویے قیام پاکستان کے مقصد اور بانیٔ پاکستان کے وِژن سے صریحاََ انحراف ہے ۔وہ گزشتہ روز مجلس احرار اسلام پاکستان کے سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر موجود کارکنوں سے گفتگو کررہے تھے ،اِس موقع پر تحریک نفاذ اسلام پنجاب کے امیر مولانا زاہد اقبال اورمولانا حافظ کامران صدیقی ان کے ہمراہ تھے۔ جبکہ قاری محمد قاسم ، حافظ حبیب اﷲ رشیدی ،ماسٹر محمد ندیم ،حافظ محمد سلیم شاہ اور فاروق احمد خاں ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ،مفتی حمید اﷲ جان نے کہا کہ اسلامی عقیدے اور مشرقی کلچر سے انحراف حکمرانوں اور سیاستدانوں کا اصل ایجنڈا ہے۔ دراصل یہ ایجنڈابھی ان کا اپنا نہیں بلکہ ہمارے سیاستدان استعماری ایجنڈے کے ایجنٹ ہیں،انہوں نے کہاکہ ممتاز قادری سچے عاشق رسول صلی اﷲ علیہ وسلم تھے اور جنتی روح جنت میں آقا صلی اﷲ علیہ وسلم کے قدموں میں چلی گئی۔ جبکہ اس کے قاتل ضرور اپنے انجام بد کو پہنچیں گے ،تحریک نفاذ اسلام پنجاب کے امیر مولانا زاہد اقبال نے کہا کہ تحریک نفاذ اسلام دنیا میں اﷲ کی حکمرانی قائم کرنے کی دعوت پر کام کررہی ہے ۔

 

عقیدۂ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمے داری ہے:علماء
لاہور(نمائندہ خصوصی) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت لاہوراورجامعہ صدیقیہ کے زیر اہتمام سالانہ ختم نبوت کانفرنس جامع مسجد الرفیق گلستان کالونی مصطفی آباد میں جمعیت علماء اسلام ضلع لاہور کے امیر مولانا محب النبی کی زیرصدارت ہوئی ، مقررین نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو اسلام اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے جذبہ صدیقی سے سرشار ہوکرمیدان عمل میں نکلنا ہوگا۔قوم اور حکمرانوں کو اس بات سے آگاہ رہنا چاہیے کہ قادیانی اسلام، مسلمان اور پاکستان کے لیے یہود وہنود سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ کانفرنس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ ،جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے رہنما مولانا اﷲ وسایا،وفاق المدارس العربیہ لاہور کے مسؤل مولانا مفتی عزیزالرحمن ،،مولانا عبدالقدوس گجر، مولانا عزیزالرحمن ثانی ،پیرمیاں محمد رضوان نفیس سمیت متعدد دینی ومقتدر شخصیات نے شرکت کی ا ور خطاب کیا۔ مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ شہداء ختم نبوت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے گلشن رسالت کی آبیاری اور ناموس رسالت کے چراغ کو روشن کیا ہے (روزنامہ ’’پاکستان‘‘ لاہور۔7مارچ 2016ء)

 

ختم نبوت کی تعلیمی نصاب میں عدم شمولیت پر اسمبلی میں قراردادِ استحقاق
(پشاور،7مارچ)جمعیت علما ء اسلام کے رکن صوبائی اسبملی مولانامفتی فضل غفورنے خیبرپختون خوااسبملی کے اجلاس میں قراردادِاستحقاق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 7ستمبر2015ء کو قراردادنمبر702( ختم نبوت کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کی قرارداد )صوبائی اسمبلی خیبرپختون خواسے متفقہ طورپر منظورہوئی تھی۔اسمبلی کے قواعد کے قاعدہ 135کے ذیلی قاعدہ (4)کے مطابق متعلقہ محکمہ اسمبلی سے پاس شدہ قراردادکے ضمن میں عمل درآمد کی رپورٹ دومہینوں کے اندراسمبلی کو اَرسال کرنے کا پابندہے،لیکن آج تک محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم نے مذکورہ قراردادپر عمل درآمد کی رپورٹ اسمبلی کو فراہم نہیں کی ۔لہٰذامحکمہ مذکورہ نے صوبائی اسمبلی خیبرپختون خواکے استحقاق سے متعلق قانون کے جدول میں سیریل نمبر4کی خلاف ورزی کی ہے۔جس سے اس معززاِیوان کا استحقاق مجروح ہواہے۔لہٰذااِس تحریک کومتلقہ کمیٹی کے سپردکیاجائے۔تاکہ مذکورہ قانون کے مطابق کارروائی عمل کی جاسکے۔ (احرارنیوز)

 

حقوقِ نسواں بل قرآن وسنت کے متصادم ہے: ختم نبوت رابطہ کمیٹی
لاہور (11مارچ)متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی پاکستان کے رہنماؤں نے مختلف مقامات پر خطباتِ جمعتہ المبارک میں اس امر کا اظہار کیا ہے کہ حقوق نسواں بل میں عورتوں کے حقوق کے نام پر بے حیائی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا گیا ہے ،حقوق نسواں بل نہ صرف قرآن وسنت کے متصادم ہے بلکہ مشرقی روایات کے برعکس بھی ہے ،سید عطاء المہیمن بخاری ،مولانا زاہدالراشدی ،مولانا عبدالرؤف فاروقی ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ،پیر اعجاز ہاشمی ،سید محمد کفیل بخاری ، حافظ عبدالغفار روپڑی ،مرزا محمد ایوب بیگ ،مولانا محمد الیاس چنیوٹی ،رانا محمدشفیق خاں پسروری ،قاری محمد یوسف احرار اور کئی دیگر رہنماؤں نے اپنے اپنے خطابات وبیانات میں کہاہے کہ عورت کی آزادی کے نام پر حرام کاری اور مادرپدر آزادی کو فروغ دیا جارہاہے ،انہوں نے کہاکہ غازی ممتاز قادری ، عامر عبدالرحمن چیمہ اور غازی علم الدین شہید کی طرح امر ہو گئے ہیں ،ممتاز قادری کے مقدس خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ،متحدہ تحریک ختم نبوت رابطہ کمیٹی کے کنونیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ نے کہاکہ ہم 13 مارچ اور 15 مارچ کو ہونے والے کُل جماعتی اجلاسوں کی تائید کرتے ہیں ،انہوں نے کہاکہ تحریک تحفظ ناموس رسالت کے یک نقاطی ایجنڈے پر تمام مکاتب فکر کو متحدہوجانا چاہیے ،انہوں نے کہاکہ مارچ 1953 ء میں اس وقت کے حکمرانوں نے تحفظ ناموس رسالت کے جرم میں دس ہزار انسانوں کے مقدس خون سے ہاتھ رنگے تھے ،مال روڈ کو لہو لہان کر دیا گیا تھا ،لیکن تحریک ختم نبوت آخر کار 1974 میں کامیاب ہو گئی تھی،ممتاز قادری کے مقدس خون کے صدقے موجودہ صورتحال بھی تحریک تحفظ ناموس رسالت میں تبدیل ہو جائے گی اور پوری دنیا میں اس کی خوشبو پھیلے گی،انہوں نے ’’پیمرا ‘‘کے ارباب ِ اختیارسے کہاکہ وہ بے حیائی اور بد کاری کے پروگراموں پر پابندی لگائے اور عورت کو عریاں کر کے اشتہار کی زینت نہ بنائے ۔

 

آزادکشمیر:قادیانیوں کو مسلم ووٹر لسٹوں سے خارج کیاجائے
(ڈڈیال ،آزادکشمیر۔18مارچ،مقصود کشمیری سے)تحریک تحفظ ختم نبوت آزادکشمیر کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس گزشتہ روز صدر تحریک قاری عبد الوحید قاسمی کی زیر صدارت منعقد ہوا ، آزادکشمیر میں حالیہ انتخابات کے سلسلہ میں مرتب ہونے والی ووٹر لسٹوں میں مذہب کا خانہ نہ ہونے کی وجہ سے قادیانیوں کو مسلم ووٹر لسٹوں میں درج کیے جانے پر سخت رد عمل اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ جب کہ قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت کی ووٹر لسٹوں میں شامل کرنے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کوبھی خط بھی ارسال کر دیا گیاہے اورجلدہی چار رکنی علماء کا ایک وفد بھی ملاقات کرکے چیف الیکشن کمشنر کو ساری صورتحال سے آگاہ کرے گا ، صدر تحریک کی جانب سے چیف الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ قادیانی قرآن و سنت ، اجما ع امت، آئین پاکستان 1973 ، آئین آزاد کشمیر1974کے مطابق غیر مسلم اقلیت ہیں ، اس وقت الیکشن کمیشن کی طرف سے اندارج ووٹوں کا سلسلہ شروع ہے لہٰذا آئین پاکستان 1973اور آزاد کشمیر ایکٹ1974کی روح کے مطابق الیکشن کمیشن پاکستان کی طرح آزاد کشمیر کی ووٹر لسٹوں میں قادیانی مرد و خواتین کو مسلمانو ں سے الگ درج کیا جائے ۔پاکستان کی قومی اسمبلی ، صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی طرح یہاں بھی مسلم اور غیر مسلم امیدواروں کے لئے علیحدہ فارم شائع کیے جائیں اورحلف نامے میں ختم نبوت کو شامل کیا جائے اجلاس میں تحریک کے مرکزی سر پرست اعلی (ر) کرنل عبد القیوم خان ، مولانا محمد ابوبکر ، حافظ محمد مقصود ، مفتی محمد قاسم فاروقی ، مولانا عبدالوحید ، قاری عبد القیوم ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں آزادکشمیر اسمبلی سے پاس ہونے والی قرارداد ختم نبوت کی مناسبت سے 29 اپریل کو مرکزی تقریب باغ اور 28 مئی کو ایک مرکزی ختم نبوت کانفرنس مظفرآباد میں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔

 

قادیانی پاکستان کے آئین کے باغی ہیں:مولانا الیاس چنیوٹی
(چناب نگر،26مارچ،مہراظہر)انٹر نیشنل ختم نبوت کے سربراہ مولانا محمد الیاس چنیوٹی (ایم پی اے)نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی بنیاد ہے اس عقیدے کے تحفظ کے لئے زندگی گزارنا شفاعت نبویؐ حاصل کرنے کے مترادف ہے ،وہ خانقاہ سید نفیس الحسینیؒ چناب نگرمیں ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے اجتماع سے انٹر نیشنل ختم نبوت کے رابطہ سیکرٹری قاری محمد رفیق وجھوی نے بھی خطاب کیا ،جبکہ نادار وغریب اور نو مسلم افراد میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کہا کہ تحریک ختم نبوت کی جماعتیں آئین اور دستور کے اندر رہ کر کام کررہی ہیں جبکہ قادیانی آئین سے انحراف اور دستور سے بغاوت پر مبنی رویے کی عکاسی کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ کوئی مسلمان دہشت گردنہیں ہوسکتا ،مسلمان امن کے داعی ہیں اور امن حضور نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم کی تعلیمات میں ہی پنہاں ہے ،اس موقع پر جامع مسجد فاروق اعظم چھنی قریشیاں کے خطیب واجدعلی ہاشمی،محمد احسن شاہ،مہراظہروینس اور دیگر بھی موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Time limit is exhausted. Please reload the CAPTCHA.